مہر خبررساں ایجنسی نے مصر کی وزارت خارجہ کے اطلاعاتی مرکز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے آج بروز ہفتہ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ’’صیر بنی یاس‘‘ اجلاس کے موقع پر روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات اور گفتگو کی۔
مصری وزارتِ خارجہ کے سرکاری ترجمان نادر ذکی نے بتایا کہ اس ملاقات میں بدر عبدالعاطی نے مصر اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر اپنے ملک کے فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے گزشتہ اکتوبر میں روس اور افریقی ممالک کے سربراہان کے تیسرے اجلاس کے موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتین کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے کے باہمی عزم کی عکاس تھی۔
اس ملاقات میں علاقائی کشیدگی کے سمندری آمدورفت اور بین الاقوامی تجارت کے عمل پر پڑنے والے اثرات کے علاوہ غذائی تحفظ اور غلے کی فراہمی کے سلسلوں پر اس کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بدر عبدالعاطی نے اس حوالے سے آزادانہ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے اور سمندری گزرگاہوں کی سلامتی کے لیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد تجارتی سرگرمیوں کے بلا تعطل جاری رہنے اور بنیادی اہمیت کی حامل اشیا کی ترسیل کو برقرار رکھنا ہے۔
آپ کا تبصرہ